14/05/2026
گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہانیاں کی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے کالج میں ایک پُروقار ظہرانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد کالج میں نئے تشریف لانے والے معزز اساتذہ کرام کا خیر مقدم کرنا اور کالج سے رخصت ہونے والے پروفیسر منصور مسیح کو الوداع کہنا تھا۔
تقریب میں نئے آنے والے پروفیسر صاحبان جن میں پروفیسر راشد محمد، پروفیسر زکا اللہ خان، پروفیسر محی الدین پروفیسر قیصر عباس پروفیسر شوکت حسین اور پروفیسر میڈم حمیرہ اقبال شامل تھےاور ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ کرام نے خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کیا اور کالج کی تعلیمی و تدریسی روایات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
کالج کے پرنسپل پروفیسر مظہر نواز نے اپنے خطاب میں کالج سے رخصت ہونے والے پروفیسر منصور مسیح کی نمایاں خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے تدریسی فرائض نہایت محنت، دیانت اور لگن سے انجام دیے، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے نئے آنے والے اساتذہ اکرام کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے کالج کی ترقی، تعلیمی معیار کی بہتری اور طلبہ کی بہترین تربیت میں اہم کردار ادا کریں گے، جس سے نہ صرف کالج کا نام روشن ہوگا بلکہ طلبہ بھی بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے کالج کے خوشگوار اور باوقار ماحول کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہانیاں اپنی شاندار روایات کو اسی طرح برقرار رکھے گا۔