19/05/2026
عربک گرلز کالج فار اسلامک اسٹڈیز
(کلیۃ البنات العربیۃ للدراسات الاسلامیۃ)
کی سالانہ تقریب
7 عالمات اور 2 حافظات کو چادر فضیلت۔
مبلغات عالمات طالبات کی تقاریر
—————-۔۔۔۔۔۔
علم، دعوت، تربیت اور کردار سازی کے اس مبارک قافلے کی بنیاد آج سے تیس برس قبل 1995ء میں معروف عالمِ دین فضیلۃ الشیخ محمد یحییٰ عزیز رحمہ اللہ نے رکھی۔ بعد ازاں 1998ء سے اس عظیم دینی و تعلیمی ادارے کی زمامِ کار معروف اسکالر ڈاکٹر عامر عبداللہ محمدی حفظہ اللہ کے ہاتھوں میں ہے، جو ادارے کے آبیار ، سعید مظفر صدیقی رحمہ اللہ ، ڈاکٹر خورشید احمد شیخ رحمہ اللہ ، میڈم شمیم مارسلینہ رحمہ اللہ کی زیر سرپرستی اور علماء و اکابرین ، معاونین اور دست راست ناظم الامور مدثر سعید صدیقی کی رفاقت سے تاحال اخلاص، حکمت اور مسلسل محنت کے ساتھ اس شجرِ طیبہ کی آبیاری فرما رہے ہیں۔
ماشاءاللہ ولا قوۃ إلا باللہ
گزشتہ روز کلیۃ البنات العربیۃ کی 30ویں سالانہ تقریبِ اعلانِ نتائج و تقسیمِ ایوارڈز روشن باغ سوسائٹی، فیڈرل بی ایریا کراچی میں نہایت ایمان افروز اور پُروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ اس بابرکت تقریب میں درسِ نظامی عالمہ دین کورس کی سات فارغ التحصیل عالمات اور دو حافظات کو اسناد اور چادرِ فضیلت سے نوازا گیا۔ یہ منظر یقیناً والدین، اساتذہ اور منتظمین کے لئے خوشی، فخر اور شکر کے جذبات سے بھرپور تھا۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی مبلغات محترمہ باجی ڈاکٹر فرح فیاض کریم صاحبہ اور محترمہ باجی طیبہ راشد صاحبہ نے نہایت مؤثر، بصیرت افروز اور ایمان پرور خطابات فرمائے، جنہوں نے حاضرین کے دلوں کو علم و عمل کی رغبت سے تازہ کردیا۔
اس موقع پر کلیۃ البنات العربیۃ کی ناظمات میڈم شہلا صدیقی اور میڈم ڈاکٹر جویریہ محمدی نے مہمانانِ خصوصی، طالبات، معلمات اور شریک خواتین کا شکریہ ادا کیا۔
یہ ادارہ صرف ایک تعلیمی مرکز نہیں بلکہ نسلِ نو کی دینی، اخلاقی اور فکری تعمیر کا روشن مینار ہے۔ اس مبارک سفر کی کامیابی میں بانیان، سرپرستان، معاونین، مخیر حضرات، انتظامیہ، تدریسی و غیر تدریسی اسٹاف، معلمات اور خادمات کی شبانہ روز محنتیں شامل ہیں، جو خاموشی سے دینِ اسلام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے اخلاص، محنت اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور اس ادارے کو تا دیر علمِ نافع، عملِ صالح اور دعوت و اصلاح کا مضبوط مرکز بنائے اوراسے ہر سطح پر اس علمی اور روحانی ادارے کے ساتھ تعاون کرنے والوں کے لئے صدقہ جاریہ بنائے آمین۔