05/03/2026
یونیورسٹی آف لکی مروت میں آج انسٹیٹیوٹ آف بایولوجیکل سائنسز کی افتتاحی تقریب نہایت پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر اورنگزیب خان تھے جنہوں نے ادارے کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر امجد خان، اسسٹنٹ پروفیسر و ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بایولوجیکل سائنسز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس ادارے کا قیام جدید سائنسی تحقیق، معیاری تدریس اور طلبہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ خطے میں حیاتیاتی علوم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گا اور تحقیق کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔
ڈاکٹر امجد خان نے وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگزیب خان کی قیادت اور سرپرستی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز رہنمائی کے بغیر یہ منصوبہ ممکن نہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے لیبارٹری کے قیام، کیمیکلز، جدید آلات اور دیگر تحقیقی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مالی تعاون میں کلیدی کردار ادا کیا، جس پر ادارہ ان کا تہہ دل سے مشکور ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ قومی و بین الاقوامی سطح پر تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دے گا، معیاری لیبارٹری سہولیات فراہم کرے گا اور نوجوان محققین کو جدید سائنسی تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت دے گا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر اورنگزیب خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی میں اس نئے انسٹیٹیوٹ کا قیام تعلیمی و تحقیقی میدان میں ایک اہم پیش رفت ہے جو نہ صرف طلبہ بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے انتظامیہ اور فیکلٹی کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلبہ کی
بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو سراہا۔