14/05/2026
PR No:SBBU/26-18
ایس بی بی یو شرینگل میں 50 سے زاید نوجوانوں کیلئے ہفت روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفس اور ڈائریکٹوریٹ اپ سٹوڈنٹ سوسایٹیز شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے اشتراک سے ٹریول گائیڈ اور ہوٹل مینجمنٹ کے موضوع پر ہفت روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدام صوبائی حکومت کی ہدایات کے تحت نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں روزگار کے قابل بنانے کے لیے اٹھایا گیا۔
افتتاحی سیشن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ دیر بالا ڈاکٹر صادق علی، پلاننگ آفیسر معراج گل، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر شہزاد طارق، ایچ او ڈی مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر فضل حلیم, پراجکٹ کوارڈینیٹر ایس بی بی یو انجنئر آصف جمال اور ریسورس پرسن ڈاکٹر واجد رضا نے شرکت کی۔
افتتاحی سیشن سےخطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیر بالا ڈاکٹر صادق علی نے کہا کہ نوجوانوں میں موجود صلاحیتوں کو درست سمت دینے کے لیے عملی تربیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے ترقی یافتہ معیشتوں کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ہمارے علاقے میں بے پناہ سیاحتی امکانات موجود ہیں۔ ڈاکٹر صادق علی نے نوجوانوں سے کہا کہ آج آپ جو ہنر سیکھ رہے ہیں، وہ کل آپ کی آزادی اور خودداری کی بنیاد بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے پروگرامز مستقبل میں بھی جاری رہیں گے تاکہ کوئی بھی قابل نوجوان پیچھے نہ رہ جائے۔
پلاننگ آفیسر معراج الدین نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اس جدید اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شرکاء اس تربیت سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ اس ورکشاپ کے لیے منتخب کردہ تمام نوجوانوں کو گوگل فارم کے ذریعے درخواست دینے کے بعد میرٹ کی بنیاد پر شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ تربیت کے دوران شرکاء کو ہوٹل مینجمنٹ اور ٹور گائیڈنگ کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرایا جائے گا، بڑے ہوٹلوں کے وزٹ کرائے جائیں گے اور انہیں حقیقی ماحول میں مشق کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر شہزاد طارق نے تمام مہمانوں اور ریسورس پرسنز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تحائف پیش کیے۔ انہوں نے خصوصی طور پر شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرینگل کے وائس چانسلر اور انتظامیہ کا بہترین انتظامات اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔