17/01/2026
الحمدللہ ربّ العالمین!
مدرسہ عالیہ محمودہ محمودیہ تونسہ شریف، ضلع ڈیرہ غازی خان تنظیم المدارس (اہلِسنت) پاکستان سے منسلک ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی تنظیم المدارس کے زیرِ اہتمام سالانہ امتحانات باقاعدہ طور پر منعقد ہو رہے ہیں۔ یہ امتحانی سلسلہ 17 جنوری 2026ء بروز ہفتہ سے 22 جنوری 2026ء بروز جمعرات تک جاری رہے گا، جس کے دوران مسلسل چھ دن باقاعدہ امتحانی پرچے لیے جائیں گے۔
الحمدللہ آج اس امتحانی سلسلے کا پہلا پرچہ نہایت نظم و ضبط اور خوش اسلوبی کے ساتھ بخیر و خوبی اختتام کو پہنچا۔
واضح رہے کہ تنظیم المدارس (اہلِسنت) پاکستان ملکِ عزیز کا سب سے بڑا اور معتبر دینی تعلیمی و امتحانی بورڈ ہے جس کے تحت پاکستان بھر کے ہزاروں رجسٹرڈ مدارس اور دینی ادارے ہر سال امتحانات میں شریک ہوتے ہیں۔ تنظیم المدارس کے زیرِ اہتمام شعبۂ قرآنِ پاک (حفظ و ناظرہ، تجوید و قرأت) سے لے کر درسِ نظامی / عالم کورس (متوسطہ/مڈل، عامہ/میٹرک، خاصہ/ایف اے، عالیہ/بی اے، عالمیہ/ایم اے/دورۂ حدیث) اور تخصص فی الفقہ تک مختلف درجات کے امتحانات منعقد کیے جاتے ہیں اور باقاعدہ رزلٹ کارڈز اور اسناد جاری کی جاتی ہیں۔
تنظیم المدارس کی اعلیٰ اسناد کو مسلمہ حیثیت حاصل ہے اور اس کی عالمیہ و اعلیٰ ڈگریاں ایم اے (MA) اور بی اے (BA) کے مساوی ہیں جو ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان سے منظور شدہ / ویریفائیڈ ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ تنظیم المدارس اہلِ سنت پاکستان کے سالانہ امتحانات 1447ھ / 2026ء میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات کی مجموعی تعداد تقریباً 3 لاکھ 64 ہزار ہے، جبکہ امتحانی نظم و نسق کے لیے 21 ہزار سے زائد امتحانی عملہ خدمات انجام دے رہا ہے اور ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ الحمدللہ گزشتہ سال کے مقابلے میں شرکاء کی تعداد میں تقریباً 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ حفظ کے امتحانات کے جاری داخلوں کے باعث متوقع ہے کہ یہ تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔
اللہ ربّ العزت سے دعا ہے کہ اس امتحانی سلسلے کو خیر و عافیت کے ساتھ مکمل فرمائے، تمام طلبہ کو کامیابی عطا فرمائے اور ان کی محنتوں کو شرفِ قبولیت بخشے۔
آمین یا ربّ العالمین بجاہ رحمة للعالمین ﷺ🤲✨