02/01/2026
🌼💥🌹کلیہ عائشہ للبنات گوونڈی ممبئی میں "سالانہ انعامی مسابقہ جات" کا کامیاب انعقاد!🌹💥🌼
عروس البلاد ممبئی کے مضافات میں واقع "کلیہ عائشہ للبنات گوونڈی" تعلیم نسواں کے لئے مختص جماعت کا قدیم اور معروف ادارہ ہے۔ یہاں تعلیم کے ساتھ تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے،انہیں دینی و عصری علوم سے آراستہ و پیراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ امور خانہ داری جیسے سلائی، کڑھائی، مہندی ڈیزائن اور پکوان وغیرہ میں مہارت کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں، ابتدائی درجات سے لے کر فضیلت تک کی تعلیم حاصل کرنے والی تمام بچیوں کی تعلیم کو معیاری بنانے کے لئے مختلف وسائل و اسالیب اختیار کئے جاتے ہیں، چونکہ تعلیمی بیداری اور حوصلوں کی بلندی میں مسابقہ کا زبردست کردار ہے۔ اسی مناسبت سے سالہائے گزشتہ کی طرح رواں سال بھی سالانہ انعامی مسابقہ جات منعقد کرائے گئے، اس مسابقہ کی پہلی کڑی "آشا سماج کلیان کیندر ہال" میں منعقدہ اسپورٹس ایکٹیویٹیز تھی کہ جہاں طالبات نے لنگڑی ریس، آلو ریس، چمچ گوٹی اور جلیبی ریس ودیگر سرگرمیوں میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، بعدہ طالبات کی دینی علوم میں دلچسپی مزید سے مزید تر کرنے اور انہیں قرآنی آیات و احادیثِ نبویہ حفظ کرانے کے مفید تر منصوبے کے تئیں مسابقہ تلاوت کلام باری تعالیٰ و احادیث نبویہ منعقد کیا گیا، بعدہ طالبات کی قلمی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی غرض سے "مسابقہ مضمون نویسی" اور انکے مافی الضمیر کی ادائیگی میں بہتری لانے کے لئے "مسابقہ خطابت اور جنرل نالج" کا اہتمام کیا گیا۔
محترم قارئین!
تعلیم اور تربیت دونوں ایک دوسرے کے بغیر بے معنی ہیں، ہم کتنی بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرلیں لیکن اگر اس کے ساتھ ہماری تربیت نہیں ہوتی ہے تو علم بے معنی ہوکر رہ جاتا ہے، اسی طرح جو علمی مسابقے ہوتے ہیں، وہ ہماری شخصیات کو نکھارنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لئے ہر طالب علم کو چاہئے کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور ساتھ ہی تقریری اور تحریروں مقابلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور بات جب طالبات کی ہو تو اہمیت مزید دوچند ہوجاتی ہے وہ اس لئے کہ امور خانہ داری میں مہارت و تربیت ان کی زندگی کا جزء لاینفک ہے کیونکہ ہر لڑکی کو مستقبل میں فرائض امور خانہ داری سنبھالنا، گھر بار کے کام کاج دیکھنا، گھر کے معاملات چلانا اور انتظام خانہ کرنا ہے لہذا امور خانہ داری میں مہارت پیدا کرنا ہر طالبہ کے لئے سماجی، دینی اور صحت کے نقطہ نظر سے از حد ضروری ہے الحمدللہ طالبات کو امور خانہ داری میں مہارت دینے کے لئے گزشتہ یکم جنوری 2026ء بروز جمعرات "مسابقہ پکوان" منعقد کیا گیا جس میں طالبات کلیہ کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا، انہیں گروپ (الف) "کبشہ بنت عبیدرضی اللہ عنہا" گروپ (ب) "نسیبہ بنت کعب رضی اللہ عنہا" اور گروپ (ج)" صفیہ بنت عبد المطلب رضی اللہ عنہا" سے موسوم کیا گیا، طالبات نے بڑی محنت و جانفشانی سے انواع و اقسام کے پکوان پکاکر دیگر لوازمات کے ساتھ دسترخوان سجائے، پھر انہیں چھ معزز حکم صاحبان فضیلۃ الشیخ رشید سمیع سلفی حفظہ اللّٰہ (ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی)، فضیلۃ الشیخ اسلم صیاد سنابلی حفظہ اللّٰہ (نائب ناظم صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی)، فضیلۃ الشیخ کمال الدین سنابلی حفظہ اللّٰہ (امیر ضلعی جمعیت اہل حدیث ساؤتھ سینٹرل، ممبئی) فضیلۃ الشیخ سراج الحق عالیاوی حفظہ اللّٰہ (امام و خطیب مسجد اہل حدیث ٹیمکر محلہ، ممبئی)، فضیلۃ الشیخ فیض الرحمٰن رحمانی حفظہ اللّٰہ (امام و خطیب جامع مسجد اہل حدیث کاپڑیا نگر کرلا ویسٹ ممبئی)، فضیلۃ الشیخ ظہیر الدین ریاضی(امام و خطیب مسجد اہل حدیث دارو خانہ رے روڈ ایسٹ ممبئی)کے ذریعہ ٹیسٹ کیا گیا اور حسب ذائقہ، سجاوٹ اور صفائی ودیگر امور انہیں بالترتیب اول، دوم اور سوم پوزیشن سے سرفراز کیا گیا۔
اس اہم پروگرام کی مناسبت سے جملہ حکم صاحبان و معزز مہمانان گرامی کے سامنے صدر کلیہ شیخ ناصر ربانی حفظہ اللّٰہ نے "یوم پکوان" کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بیان کیا کہ عمومی طور پر طالبات علوم دینیہ سے متعلق یہ تصور عام ہے کہ انہیں امور خانہ داری میں وہ مہارت نہیں ہوتی ہے جو دیگر بچیوں کو حاصل ہے لہٰذا کلیہ نے اپنے قیام کے اول روز سے اس جانب خصوصی توجہ دی ہے بنابریں ہمارے یہاں ماہانہ پکوان ڈے منعقد کیا جاتا ہے نیز ہماری کوشش ہوتی ہے کہ قوم کی بچیاں علوم دینیہ کے ساتھ ساتھ فراغت تک امور خانہ داری پر بھی مکمل دسترس حاصل کرلیں، بعدہ حکم صاحبان و معزز مہمانان نے اپنے گرانقدر تاثرات پیش کیا اور کلیہ کی مختلف سرگرمیوں پر اظہارِ اطمینان کیا فجزاھم اللہ عنا خیر الجزاء۔
اس موقع پر کلیہ کے تمام معلمین و معلمات کے علاوہ جماعت کے ذمہ داران و مہمانان خصوصی بھی موجود رہے جن میں امیر ضلعی جمعیت اہل حدیث نارتھ ایسٹ شیخ جلال الدین فیضی، شیخ عبدالعلی سلفی، شیخ عبدالکریم علیگ سلفی، شیخ مشتاق احمد سلفی، شیخ محمد اشرف سلفی، شیخ ہارون رشید محمدی، شیخ عبدالعزیز رحمانی، شیخ عبدالاول فیضی، حافظ محمد صادق توحیدی، جناب عبداللہ صاحب، جناب شفیق چودھری صاحب، جناب ابوبکر صاحب، جناب محمد ممتاز سمانی صاحب، جناب صفی اللہ چودھری صاحب، جناب ضمیر اللّٰہ چودھری صاحب، جناب وصی الدین چودھری صاحب، جناب محمد وصی شیخ صاحب ودیگر حاضرین نے پروگرام کو خوب سراہا اور مستقبل میں تعاون کا یقین دلایا۔
اللّٰہ تعالیٰ سے دُعا ہے کہ رب العالمین اس ادارے کا مستقبل تابناک بنائے نیز دختران ملت اسلامیہ کی راہ میں پیش کردہ جملہ خدمات کو شرف قبولیت بخشے!
آمین!
تقبل یا رب العالمین!