29/04/2026
برطانیہ سے مولانا حافظ عبدالاعلیٰ دُرّانی صاحب کی مادرِ علمی جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں تشریف آوری
29 اپریل 2026، بروز بدھ، بعد نمازِ ظُہر
رپورٹ: عبدالقیوم فرُّخ
استاذ جامعہ سلفیہ فیصل آباد
آج جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں فضیلۃ الشیخ مولانا حافظ عبدالاعلیٰ دُرّانی حفظہ اللہ تعالیٰ کی تشریف آوری ہوئی۔ جامعہ سلفیہ ان کا مادرِ علمی ادارہ ہے، اور وہ جامعہ کے مایہ ناز سپوتوں میں شمار ہوتے ہیں۔ اسی لیے جب بھی وہ برطانیہ سے پاکستان اپنی تعطیلات کے لیے آتے ہیں تو اپنے اس مادرِ علمی کا دورہ ضرور کرتے ہیں۔ جامعہ کے علاوہ دیگر دینی اداروں اور اہلِ علم شخصیات سے ملاقات کو بھی وہ اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں۔ جامعہ کے بعض اساتذہ کرام ان کے دیرینہ رفقاء میں سے ہیں، جن سے ملاقات کے لیے بھی وہ خصوصی طور پر جامعہ تشریف لاتے ہیں۔
جامعہ پہنچنے پر سب سے پہلے ان کی ملاقات جناب مدیر التعلیم، فضیلۃ الشیخ چودھری محمد یٰسین ظفر حفظہ اللہ تعالیٰ سے ہوئی، جہاں دونوں شخصیات کے مابین مفصل تبادلۂ خیال ہوا۔ مولانا دُرّانی صاحب نے برطانیہ میں مسلم کمیونٹی کے حالات اور بالخصوص اہلِ حدیث حضرات کی خدمات کے حوالے سے مفصل گفتگو کی۔ جناب مدیرُالتعلیم صاحب نے معزز مہمان کو جامعہ کی تعلیمی سرگرمیوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ حالیہ تعمیرات، خصوصاً نئی تدریسی عمارت کا بھی دورہ کروایا گیا، جسے دیکھ کر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کے بعد ایک مختصر تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں جناب مدیر التعلیم صاحب نے مہمانِ گرامی کا تعارف کراتے ہوئے ان کی آمد پر تہہ دل سے خوش آمدید کہا۔
اس کے بعد مولانا دُرّانی حفظہ اللہ نے طلبہ سے خطاب فرمایا۔ انہوں نے انتہائی شُستہ، سلجھے اور منجھے انداز میں طلبہ کو اساتذہ، کتابوں اور ادارے کے در و دیوار کے ادب و احترام کی تلقین کی۔ اصلاحِ احوال، حسنِ کردار اور باطن کی پاکیزگی پر بھی تفصیلی نصیحتیں کیں۔ان کی باتیں ان کے علم اور تجربہ کی عکاس تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے حضرت رسول اللہ ﷺ، حضراتِ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین، نیز اکابرین و محدثین کے واقعات بیان کیے۔ اسی طرح برصغیر کے جلیل القدر علماء، جیسے حافظ محمد گوندلوی، میاں محمد باقر، سید داؤد غزنوی، مولانا اسماعیل سلفی (رحمھم اللہ اجمعین) اور دیگر بزرگوں کا تذکرہ کر کے طلبہ کو قیمتی نصائح سے نوازا۔ تقریب میں اساتذہ جامعہ اور طلبہ برابر شریک رہے۔
تقریب کے بعد، المصباح ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مولانا دُرّانی صاحب کے ساتھ ایک خصوصی پوڈکاسٹ (جامعہ سلفیہ فیصل آباد سے برطانیہ تک) بھی ریکارڈ کیا گیا، جس میں ان کی برطانیہ میں دعوتی خدمات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ یہ پوڈکاسٹ ان شاء اللہ جلد المصباح ڈیجیٹل (یوٹیوب اور فیسبک) پر نشر کیا جائے گا۔
آخر میں ہدیۂ تشکر پیش کیا گیا اور پرتکلف ظہرانے کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔