13/10/2021
فجر وعصر کی نمازوں کو ہمیشہ ادا کرتے رہنا🥀🖤
ویسے تو ہر نماز اہم ہے لیکن فجر وعصر کی اہمیت زیادہ ہے۔اِس لئے جو شخص باقی نمازوں کے ساتھ ساتھ ان دونوں نمازوں کو ہمیشہ پابندی کے ساتھ بروقت پڑھتا رہے تو اس کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
(لَنْ یَّلِجَ النَّارَ أَحَدٌ صَلّٰی قَبْلَ طُلُوْعِ الشَّمْسِ وَقَبْلَ غُرُوْبِہَا)یَعْنِی الْفَجْرَ وَالْعَصْرَ
وہ شخص جہنم میں ہرگز داخل نہ ہو گا جو طلوعِ آفتاب سے پہلے(نماز فجر)اور غروب ِ آفتاب سے پہلے(نماز عصر)پڑھتا رہے۔
(صحیح مسلم:634)
اورحضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:(مَنْ صَلَّی الْبَرْدَیْنِ دَخَلَ الْجَنَّۃَ)’’ جو شخص دو ٹھنڈی نمازیں(فجر وعصر)پڑھتا رہے تووہ جنت میں داخل ہو گا۔
(صحیح البخاری:574/ صحیح مسلم:635)
فجر کی نماز اِس قدر اہم ہے کہ اگر کوئی شخص اسے باجماعت ادا کرے تو اسے پوری رات کے قیام کا ثواب ملتا ہے۔
رسو ل اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
(مَنْ صَلَّی الْعِشَائَ فِی جَمَاعَۃٍ فَکَأَنَّمَا قَامَ نِصْفَ اللَّیْلِ ، وَمَنْ صَلَّی الصُّبْحَ فِی جَمَاعَۃٍ فَکَأَنَّمَا صَلَّی اللَّیْلَ کُلَّہُ)
جو شخص نماز عشاء با جماعت ادا کرے تو اس نے گویا آدھی رات قیام کیا اور جو فجر کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھے تو وہ گویا پوری رات نماز پڑھتا رہا۔
(صحیح مسلم:656)
اور جہاں تک نماز عصر کا تعلق ہے تو اللہ تعالی نے اس کے بارے میں خصوصی طور پر ارشاد فرمایا کہ نمازوں میں سے اِس نماز کو ہمیشہ پابندی سے اور بروقت ادا کرتے رہو۔فرمایا:
﴿حٰفِظُوْا عَلَی الصَّلَوٰتِ وَ الصَّلٰوۃِ الْوُسْطٰی وَ قُوْمُوْا لِلّٰہِ قٰنِتِیْنَ ﴾
تم تمام نمازوں کو پابندی سے پڑھتے رہو اور خاص طور پر درمیانی نماز کو(یعنی نماز عصر کو)۔ اور اللہ کے حضور ادب سے کھڑے ہوا کرو۔
(البقرہ:238)
نماز عصر کوچھوڑنے کا خسارہ کتنا بڑا ہوتا ہے اس کا اندازہ آپ اس حدیث سے کر سکتے ہیں جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ
(اَلَّذِیْ تَفُوْتُہُ صَلَاۃُ الْعَصْرِ کَأَنَّمَا وُتِرَ أَہْلُہُ وَمَالُہُ)
جس آدمی کی نمازِ عصر فوت ہو جائے ، گویا اس سے اس کے گھر والوں اور اس کے مال کو سلب کر لیا گیا۔
صحیح البخاری:556/ صحیح مسلم:626)
یعنی اگر کسی آدمی سے اس کے اہل وعیال اور اس کے پورے مال کو چھین لیا جائے تو جتنا بڑا خسارہ اس آدمی کاہو گا اتنا ہی بڑاخسارہ اس آدمی کا ہوگا جس کی نماز عصر قضاہوئی۔