20/05/2026
جامعہ گجرات کے شعبہ امور طلبہ کے زیر اہتمام تدارک و انسدادِ منشیات کے تناظر میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ سیمینار کا مقصد نوجوان طلبہ کو منشیات کے مُضر اثرات سے متعارف کرواتے ہوئے انہیں بطور سماجی سفیر سماج و معاشرہ میں صحت مند اقدا رکے فروغ کے لیے اپنے مقام و کردار سے روشناس کروانا تھا۔ سیمینار کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ برائے سٹوڈنٹ افیئرز نے ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے تعاون و اشتراک سے کیا تھا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ ڈائریکٹراینٹی نارکوٹکس فورس محمد فاروق چوہدری تھے۔میزبانی کا فریضہ ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز شمع تحسین نے سر انجام دیا۔سیمینار کی معاونت اور کوارڈینیشن میاں خرم ارشاد اور طارق اعجاز نے بخوبی سر انجام دیتے ہوئے مختلف شعبہ جات کے طلبہ کو منشیات کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی سعی کی۔ محمد فاروق چوہدری نے کہا کہ منشیات کا سرطان معاشرہ کی بنیادوں کو کھوکھلا کرتے ہوئے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنتا ہے۔ نشہ ایک ایسی لعنت ہے جو معاشرہ کی رگوں میں آہستہ آہستہ سماتے ہوئے سماجی اقدار کی شکست کا شاخسانہ ثابت ہوتا ہے۔ نوجوان طلبہ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ پاکستان کو ایک مضبوط و توانا قوم بنانے اور سماجی ترقی کی صحیح معنوں میں علمبرداری کے لیے منشیات فروشوں کا قلع قمع لازم ہے۔ اینٹی نار کو ٹکس فورس قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے منشیات کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کمربستہ ہے۔ محمد فاروق چوہدری نے مزید کہا کہ اسلامی تعلیمات کی رو سے بھی نشہ اور منشیات کے استعمال کو حرام قرار دیا گیا ہے۔نشہ انسانی جسم کو تباہ کرتے ہوئے مدافعتی نظام پر کاری ضرب لگاتا ہے۔نشہ وقتی طور پر سکون و قرار کا باعث بننے کے باوجود ایک ایسی لعنت بن چکا ہے جو آہستہ آہستہ ہماری روح و جسم کو کھوکھلا کرتے ہوئے نفسیاتی و جسمانی بگاڑ کا شاخسانہ بنتا ہے۔ محمد فاروق چوہدری نے اعداد و شمار کی روشنی میں منشیات کی خامیوں کا وسیع تر جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کو اس سے بچاؤ کے طریق کار سے آگاہ کیا۔سیمینار کے اختتام پر طلبہ نے اپنے بصیرت افروز و معلوماتی سوالات کے ذریعے انسداد منشیات کے حوالہ سے آگاہی و رہبری حاصل کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹراینٹی نارکوٹکس فورس محمد فاروق چوہدری کو جامعہ گجرات کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی گئی۔