27/09/2025
آج ROSE-CHITRAL کے دفتر میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد ہوا جسا میں ایک ہونہار طالب علم کو اقراء یونیورسٹی اسلام آباد میں داخلے کے لیے نامزدگی خط دیا گیا۔ یہ طالب علم ایک نہایت کٹھن اور مشکل حالات میں پروان چڑھا۔ ان کی والدہ کا تعلق دیر سے اور والد کا تعلق چارسدہ سے تھا۔ والد کے انتقال کے بعد والدہ نے دوسری شادی کی لیکن بدقسمتی سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ان کے شوہر نے کسی تنازع پر ان کو شہید کر دیا۔ اس سانحے کے بعد یہ چار بہن بھائی یتیمی کے عالم میں جغور، چترال اپنے خالہ کے گھر میں رہنے لگے۔
اس طالب علم کی جدوجہد اور حوصلہ قابلِ تقلید ہے۔ تمام مشکلات اور مصائب کے باوجود انہوں نے تعلیم کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ انٹرمیڈیٹ میں شاندار 928 نمبر حاصل کیے اور اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کا عزم کیا۔ وسائل کی کمی کے باعث انہوں نے روز چترال سے تعلیمی اخراجات میں تعاون کی درخواست کی۔ روز چترال نے مختلف یونیورسٹیوں کے مالکان سے رابطہ کیا جس کے نتیجے میں اباسین یونیورسٹی پشاور اور اقراء یونیورسٹی اسلام آباد نے ان کے ایک ملین روپے سے زائد کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی حامی بھری۔ طالب علم نے سوچ سمجھ کر اقراء یونیورسٹی اسلام آباد کو منتخب کیا۔ جس میں ان کی داخلہ فیس، ٹیوشن فیس، سمسٹر فیس اور دیگر تمام تعلیمی اخراجات شامل ہیں۔
آج روز چترال کے دفتر میں ڈائریکٹر جنرل کیلاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی جناب منہاس الدین کے ہاتھوں اس طالب علم کو نامزدگی خط دیا گیا۔ اس تقریب میں چترال کی معروف سماجی شخصیات سرتاج احمد خان، عبد المجید قریشی اور سید حریر شاہ بھی شریک تھے۔
ہم اپنے پارٹنر اداروں اور مخیر افراد کے تعاون سے اب تک درجنوں طلبہ کی مشکلات کو کم کر کے ان کے تعلیمی سفر کو ممکن بنا چکے ہیں۔ اس موقع پر ROSE Chitral کی جانب سے اپیل کی گئی کہ چترال کے پڑھے لکھے طبقے خصوصاً وکلا، ڈاکٹرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی آگے بڑھ کر ادارے کے دست و بازو بنیں تاکہ مزید ہونہار اور مستحق طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں، خاص طور پر وہ طلبہ جو سرکاری یونیورسٹیوں میں داخلہ لیتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے روز چترال کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ روز چترال نے اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کی ہے، اب یہ طالب علم کی ذمہ داری ہے کہ وہ کس طرح اس موقع سے فائدہ اٹھا کر کامیابی حاصل کرتا ہے۔