29/04/2026
گُر کی بات!
وقت میں برکت کا قیمتی نسخہ
کل حضرت شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی دامت برکاتہم العالیہ کی خدمت میں حاضری کا موقع ملا اور بڑی تفصیلی اور طویل بیٹھک کی سعادت نصیب ہوئی۔ حضرت والا سے اللہ تعالیٰ نے دین کے مختلف شعبوں کا جو کام جو پوری دنیا میں لیا ہے اور لے رہا ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں۔ اس میں دیگر امور کے علاوہ ایک اہم وجہ وقت کی حفاظت اور اس کا صحیح استعمال بھی ہے۔ اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے بندے نے حضرت سے عرض کیا: وقت میں برکت کا کوئی نسخہ بتلا دیجئے۔ تو حضرت نے کمال شفقت فرماتے ہوئے اس کا تفصیلی جواب دیا، جس کا حاصل یہ ہے:
(1) پہلی بات تو یہ ہے کہ جو چیز انسان کے پاس نہ ہو تو وہ اللہ تعالیٰ سے مانگنی چاہئے، ہر وقت اس دعا کی رٹ لگائی چاہئے اور خوب گڑ گڑا کر دعا کرنی چاہئے کہ یا اللہ! میرے وقت میں برکت عطا فرما۔ اللہ تعالیٰ عطا فرمائیں گے۔
(2) دوسری بات یہ کہ بندہ وقت کے قیمتی ہونے کا احساس کرے۔ آدمی کو جب کسی چیز کی قیمت کا احساس ہوتا ہے تو وہ اس کا صحیح استعمال کرتا ہے۔ اس کا عقلی شعور تو ہے، لیکن اس کو وجدانی طور پر اپنے دل و دماغ میں بٹھانا ہے کہ یہ وقت اتنی قیمتی چیز ہے کہ دنیا کی ساری نعمتوں سے بڑھ کر ہے
(3) اور تیسری بات یہ ہے کہ روزانہ یہ بات ذہن میں ہو کہ آج کے کاموں میں سے میں کس طرح وقت کو بچاوں گا اور کچھ وقت نکالوں گا۔ ہر موقع کیلئے کوئی نہ کوئی مصروفیت اور کام پہلے سے سوچ کر رکھ لیں۔ مثلاً گاڑی میں بیٹھے ہوں تو کیا کام نمٹانا ہے۔ کوشش ہو کہ ایک وقت میں دو دو کام کریں۔ گھر میں کھانا لگنے کے دوران جو پانچ سات منٹ ہوتے ہیں، اس کا بھی صحیح استعمال ہو، پہلے ہی ذہن میں ہو کہ اس دوران میں نے کیا کام کرنا ہے۔
فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ میں اس کا اہتمام کرتا ہوں۔ پہلے سے میں طے کرتا ہوں کہ اس دوران میں نے فلاں فلاں سے بات کرنی ہے اور یہ یہ کام کرنا ہے۔ بعض کاموں کو میں نے اسی وقت کیلئے موخر کیا ہوتا ہے۔ اس طرح تھوڑے سے وقت کو بھی قیمتی بنایا جا سکتا ہے۔ فرمایا کہ میری کتاب "پرنور دعائیں" اسی طرح لکھی گئی ہے کہ عصر میں چھٹے گھنٹے کے بعد اذان تک پندرہ منٹ ہوتے تھے۔ اسی دوران تھوڑا تھوڑا کرتے لکھتا رہا۔ الحمد للہ مستقل کتاب بن گئی۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو عمل کرنے اور اپنے سرمایہ وقت کو قیمتی بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
(محمد یوسف مدنی، خادم جامعۃ الشیخ یحییٰ المدنی
وخادم الحدیث النبوي بمعھد الخلیل الاسلامی
تاریخ: 20 رمضان المبارک، 1441ھ)