19/06/2026
ٹھری میرواہ کی تمام انتظامیہ، بالخصوص ٹاؤن انتظامیہ، واپڈا عملے، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے گزارش ہے کہ اگرچہ پورے سال متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مناسب انداز میں ادا نہیں کرتے، لیکن محرم الحرام کا احترام ہر مسلمان پر فرض ہے۔ تمام سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ چھوٹے بڑے شہروں اور دیہاتوں میں عوام اور عزاداران کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔
بدقسمتی سے ٹھری میرواہ کے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے ادا کرتے ہوئے نظر نہیں آتے۔ ماتمی روٹس پر نکاسیٔ آب کے مسائل اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب و مرمت 3 محرم تک بھی مکمل نہیں کی گئی۔ گزشتہ سال بھی کام 7 محرم کے بعد شروع کیا گیا تھا، تاہم وہ بھی مکمل نہ ہو سکا، جبکہ 9 اور 10 محرم کو نیٹ ورک کی بندش کے باعث رابطوں میں شدید مشکلات پیش آئیں۔
اس مرتبہ بھی ٹاؤن انتظامیہ کا رویہ اسی طرز کا دکھائی دے رہا ہے۔ ہم محکمہ صحت، ٹاؤن چیئرمین، واپڈا عملے، پولیس اور دیگر متعلقہ انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور محرم الحرام کے مقدس ایام پُرامن اور باوقار انداز میں گزر سکیں۔
بصورتِ دیگر عوام اپنے آئینی اور جمہوری حق کے تحت احتجاجی ریلی نکالنے پر مجبور ہوں گے اور متعلقہ حکامِ بالا تک شکایات کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔