23/06/2026
یونیورسٹی آف صوابی میں نو تعمیر شدہ "مرکزی جامع مسجد مریم" کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس بابرکت اور پروقار تقریب کا آغاز مہمانِ گرامی کی آمد پر گلدستے پیش کر کے کیا گیا۔
مسجد کا افتتاح یونیورسٹی آف صوابی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں سید خان اور امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا محمد ادریس نے مشترکہ طور پر یادگاری تختی کی نقاب کشائی کر کے کیا۔ یہ خوبصورت مسجد معروف فلاحی ادارے امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے تعمیر کی گئی ہے، جو مسجد مریم کے نام منسوب کی گئی ہے۔ اس اہم اور تاریخی موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار، دیگر افسران، فیکلٹی ممبران اور اسٹاف کی ایک بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں بھرپور شرکت کیا۔
اس عظیم منصوبے کی بروقت اور کامیاب تکمیل پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید اور رجسٹرار جناب وقار احمد کی انتھک محنت، مخلصانہ کاوشوں اور لگن کی بدولت ہی ممکن ہو سکی، جنہیں یونیورسٹی انتظامیہ اور شرکاء نے زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
افتتاح کے بعد مسجد کے خوبصورت ہال میں ایک تقریبِ سعید کا اہتمام کیا گیا، جہاں مولانا محمد ادریس اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں سید خان نے حاضرین اور اساتذہ سے تفصیلی خطاب کیا۔ انہوں نے امہ ویلفیئر ٹرسٹ کے اس کارِ خیر کو سراہا اور یونیورسٹی کے لیے اس مسجد کو ایک عظیم نعمت قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر جامعہ کی ترقی، خوشحالی اور مسجد کی تعمیر میں حصہ لینے والے تمام افراد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔